مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب صدر جے ڈی ونس اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسٹھ کے درمیان خفیہ رقابت شدت اختیار کر رہی ہے اور یہ اختلافات اپنے عروج پر پہنچ سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انتخابی شکست کے بعد ریپبلکن پارٹی میں ایسے شخص کی تلاش جاری ہے جسے ایران کے خلاف جارحیت اور گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں بھاری شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکے۔
اس انتخابی شکست کے اثرات نے ونس اور ہیگسٹھ کو ریپبلکن پارٹی کے دو مخالف دھڑوں میں لا کھڑا کیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ معاملہ 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدوار کے انتخاب کی ابتدائی نامزدگی کی دوڑ کا ایک اہم موضوع بن جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جے ڈی ونس کے آئندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار بننے کی توقع ہے، جبکہ پیٹ ہیگسٹھ کا نام بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہے۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی سطح پر اپنے درمیان اختلافات کی اہمیت کم ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔
واشنگٹن ٹائمز نے پینٹاگون کے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے تعلقات پیچیدہ ہیں اور بعض اوقات ان میں کشیدگی بھی پیدا ہوتی رہی ہے۔ اس کشیدگی کی ایک بڑی وجہ ونس کے امریکہ کے سابق وزیرِ فوج ڈینیئل ڈرسکول کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی صدارت کے ابتدائی دور میں ڈرسکول نے فوج کی جدید کاری اور تنظیمِ نو کی کوششوں کے حوالے سے براہِ راست ونس کے ساتھ بات چیت کی تھی۔ اس معاملے پر ہیگسیتھ ناراض ہوگئے تھے، کیونکہ ان کا خیال تھا کہ ڈرسکول اپنے اختیارات کی حدود سے تجاوز کر رہے ہیں اور جان بوجھ کر انہیں مشاورت کے عمل سے باہر رکھ رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ